April 18, 2011

چینی کی پیداوار چالیس لاکھ ٹن سے متجاوز


اسلام آباد (نیوز رپورٹر)رواں سال ملک میں چینی کی پیداوار چالیس لاکھ ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد چینی درآمد کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس سال چینی کی اچھی پیداوار ہوئی ہے جو کہ ملکی ضروریات کے لئے کافی ہے۔ اس بات کو پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین جاوید کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ٹی سی پی کے پاس چار لاکھ ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ٹی سی پی کے ذریعے فوری طور پر دو سے تین لاکھ ٹن چینی کی خریداری کرے تو چینی آف لوڈ کرکے کسانوں کو ان کے بروقت واجبات دیئے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چالیس لاکھ ٹن چینی میں سے پچیس لاکھ اکتالیس ہزار ٹن پنجاب، ساڑھے بارہ لاکھ ٹن سندھ اور دو لاکھ پینسٹھ ہزار ٹن صوبہ خیبرپختونخوا میں تیار ہوئی۔ ملک میں گنے کی بہترین پیداوارہوتی ہے، اس کے باوجود گزشتہ عرصے پاکستان کو چینی کے بحران کا مسئلہ درپیش رہا ہے۔ پاکستان گنے کی پیداوارکے لحاظ سے دنیا میں چوتھے نمبر پر شمار کیا جاتا ہے۔

No comments:

Post a Comment