کراچی (عطا الحق) سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ (ایس بی آئی) صوبے کے وسیع زرعی شعبے سے جڑے اہم شعبوں لائیو اسٹاک ، ڈیری، فشریز اور پولٹری کو مقامی اور بین الاقوامی تاجروں کمپنیوں اور منڈیوں میں بہتر طور پر متعارف کرانے کے لئے ایس بی آئی 7 اور 8 فروری کو ایکسپو سینٹر کراچی میں اپنے طرز کی نہایت منفرد پہلی لائیو اسٹاک ، ڈیری، فشریز و پولٹری نمائش و سیمینار کا اہتمام کر رہا ہے، جہاں مال مویشی، مرغ و ماہی کی نمائش بھی ہو گی اور ان کاروباری شعبوں سے وابستہ افراد کو نہایت جامع تیکینکی، کاروباری اور مالیاتی معلومات بھی میسر آ سکیں گی۔
نمائش کے انعقاد سے ان شعبوں میں دلچسپی رکھنے اور اپنے سرمائے و مصنوعات کے تجارتی فروغ کے لئے کوشاں تاجروں ، صنعتکاروں اور کمپنیوں کو ایک چھت کے نیچے انہی شعبوں سے وابستہ دوسرے کاروباریوں سے معلومات و خیالات کے تبادلے اور کاروبار کا سنہری موقع میسر آ سکے گا۔سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ (ایس بی آئی) صوبے کے موجود قدرتی، معدنی، زرعی و دیگر دستیاب وسائل کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کرانے اور صوبے میں پائی جانے والی تجارتی و کاروباری پیداوار و مصنوعات کے معیار میں بہتری کے ذریعے قدرِ اضافی کی افزائش اور اس مال کی طلب کو منڈیوں میں بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔
سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے حکومتی ترغیبات اور سہولتوں کے بارے میں بخوبی آگاہی فراہم کر رہا ہے جس کی بدولت ملائشیا، سلووینیا ، جرمنی ، روس ، ترکی، جاپان، کوریا اور دیگر ممالک کے ساتھ اکنامک زون ، حلال پارک، حلال سرٹیفیکیشن ، لائیو اسٹاک ، ڈیری زون، پولٹری زون، کھجور و دیگر زرعی پیداوار کی پروسیسنگ کے علاوہ جملہ کاروباری ، تجارتی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور ان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں یہ نمائش اپنی طرز کی منفرد اور نہایت دلچسپ نمائش کے طور پر یاد رکھی جائے گی جس میں ملک میں موجود تمام سفارتخانوں کے نمائندے، مذکورہ شعبوں کے ملکی و غیر ملکی مندوبین ، تاجر، دکاندار، صنعتکار، گھریلو پیمانے پر فارمنگ کرنے والے اور ان کی انجمنیں سب شرکت کر رہے ہیں جن میں فارم تعمیر کرنے والی اور متعلقہ شعبوں کی مشینری وآلات و ادویات بنانے و فراہم کرنے اور خوراک مہیا کرنے والی کمپنیاں، کولڈ چین اور پیکیجنگ کمپنیاں منجمد اور تازہ گوشت (ہول سیلرز، ریٹیلرز، برآمد و درآمد کنندگان) زرعی ترقیاتی بینکوں، سرٹیفکیشن باڈیز، ریگولیٹری اتھارٹیز، مذبحہ منتظمین، ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنولوجی جیسے سائنسی شعبوں کے مندوبین اور سرکاری و نجی ادارے شامل ہیں۔ اس موقع پر لگائے جانے والے اسٹالز کی تعداد 100 سے زائد متوقع ہے جبکہ 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین کے علاوہ ایک محتاط اندازہ کے مطابق اس دو روزہ نمائش کو 30 ہزار سے زائد افراد ملاحظہ کریں گے۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ نمائش صوبے کے زرعی شعبے سے نتھی لائیو اسٹاک ، ڈیری ،فشریز و پولٹری کے شعبوں اور 350کلو میٹر سے زائد پر پھیلی ہوئی صوبے کی ساحلی پٹی کے ساتھ فشریز سے وابستہ ماہی گیروں ، چھوٹے بڑے تاجروں ، کاروباریوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی سنہری ترغیبات و مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں موجود تعلیم یافتہ افراد، ہنرمندوں اور مزدوروں کو کسب معاش کے وسیع مواقع کی فراہمی کا سبب بھی ہوگی۔
http://www.technologytimes.pk/mag/2011/jan11/issue05/sindh_ma_phela_livestoch_urdu,php.php
No comments:
Post a Comment